16 اگست سانحہ جڑانوالہ ہمارے دلوں پر گہرا زخم ہے، سردار رمیش سنگھ اروڑہ

   

لاہور۔ 17 اگست (ایجنسیز) صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ 16 اگست کی تلخ یادیں آج بھی تازہ ہیں، سانحہ جڑانوالہ ہمارے دلوں پر گہرا زخم ہے، پنجاب حکومت مذہبی اقلیتوں کے تحفظ، حقوق اور عبادت گاہوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سانحہ جڑانوالہ کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ جڑانوالہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کی یاد آج بھی تازہ ہے اور اس سانحہ نے اقلیتی برادری کے دلوں پر گہرا زخم چھوڑا ہے،ایسے واقعات معاشرے کے لیے انتہائی تکلیف دہ اور تشویش ناک ہوتے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے ریاستی اداروں اور حکومت کو مؤثر اقدامات جاری رکھنے چاہئیں۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی حکومت تمام مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور مذہبی اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے، پنجاب حکومت کی مؤثر حکمت عملی اور اقدامات کے باعث صوبے میں تمام مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔