2 جون کو ارکان اسمبلی کے ذریعہ راجیو یووا وکاسم کے منظوری لیٹرس کی اجرائی

   

ضلع کلکٹرس کے ساتھ ڈپٹی چیف منسٹر کی ویڈیو کانفرنس، منڈل سطح پر عہدیداروں کے تقرر کی ہدایت

حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ حکومت نے ریاست کے لاکھوں نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے 8 ہزار کروڑ کا منصوبہ بنایا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کے ہمراہ ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں راجیو یووا وکاسم پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کیلئے منفرد اسکیم شروع کی جارہی ہے جس کے تحت چار لاکھ روپئے تک سبسیڈی پر مبنی قرض فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں مختلف کارپوریشنوں کے ذریعہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کو نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ کانگریس حکومت نے 8 ہزار کروڑ کے ذریعہ نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ریاست میں نوجوان نئے کاروبار کا آغاز کرتے ہوئے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر نوجوان مالی موقف کی کمزوری کے باعث خود روزگار اسکیم سے استفادہ کرنے سے قاصر تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ منڈل کی سطح پر عہدیداروں کا تقرر کریں جو استفادہ کنندگان کے انتخاب میں مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سال اسکیم پر کامیاب عمل آوری کے بعد اسے آئندہ بھی توسیع دی جائے گی۔ تلنگانہ کے نوجوانوں میں روزگار کیلئے علحدہ ریاست کی تحریک میں حصہ لیا تھا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے مختلف کارپوریشنوں اور سماجی بہبود کے عہدیداروں کی ستائش کی جنہوں نے اسکیم میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 جون کو شام 4 تا 5 بجے امیدواروں میں منظوری لیٹرس جاری کئے جائیں گے ۔ ہر اسمبلی حلقہ میں ارکان اسمبلی مہمان خصوصی ہوں گے۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ، سوشیل ویلفیر کے پرنسپل سکریٹری سریدھر اور کمشنر بی سی ویلفیر نے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔1