حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 20 اسمبلی حلقہ جات میں ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کامپلکسوں کی تعمیر کیلئے 4000 کروڑ منظور کئے ہیں ۔ ہر ایک کامپلکس کی تعمیر پر 200 کروڑ کا خرچ آئے گا ۔ مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ ایجوکیشن اینڈ ویلفیر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی تجویز پر محکمہ اسکولی تعلیم کی جانب سے جی او آر ٹی 96 مورخہ 27 مئی جاری کیا گیا۔ حکومت نے اقامتی اسکولوں میں عالمی معیار کی سہولتوںکی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دیہی علاقوں اور کمزور طبقات کے طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولتیں حاصل ہوں۔ آلیر ، اشواراؤ پیٹ ، بانسواڑہ ، بھدرا چلم ، بھونگیر، دیور کدرا، ابراہیم پٹنم ، خانہ پور، محبوب آباد ، محبوب نگر ، مریال گوڑہ ، پالا کرتی ، پرگی ، پٹن چیرو، راجندر نگر ، شیر لنگم پلی ، ویملواڑہ ، وردھنا پیٹ ، ورنگل ویسٹ اور ایلا ریڈی اسمبلی حلقہ جات میں یہ کامپلکس تعمیر کئے جائیں گے ۔ ریاست کی تاریخ میں تعلیمی انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے پہلی مرتبہ اس قدر خطیر رقم منظور کی گئی ہے۔ سکریٹری اسکول ایجوکیشن یوگیتا رانا کے مطابق تعلیمی کامپلکس میں اکیڈیمک بلاک ، ہاسٹل، ڈیجیٹل لیاب، اسپورٹس انفراسٹرکچر، ڈائننگ، ہیلت کیر اور دیگر سہولتیں رہیں گی۔1