200 کروڑ خواتین کا آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر : پونم پربھاکر

   

ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کو ایوارڈ، آر ٹی سی کو 6700 کروڑ معاوضہ کی ادائیگی،مہا لکشمی اسکیم پر کامیاب عمل آوری

حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہاکہ مہا لکشمی اسکیم کا مقصد خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔ آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت کے ذریعہ کانگریس حکومت نے ملک میں مثالی کارنامہ انجام دیا ہے۔ پونم پربھاکر نے دعویٰ کیاکہ مہا لکشمی اسکیم کے آغاز کے بعد سے 200 کروڑ خواتین نے آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت سے استفادہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے آر ٹی سی کو مہا لکشمی اسکیم کے معاوضہ کے طور پر 6700 کروڑ جاری کئے گئے۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ 200 کروڑ خواتین کے مفت سفر کی تکمیل کا کل 23 جولائی کو ریاست بھر میں جشن منایا جائے گا۔ 97 آر ٹی سی ڈپوز اور 341 بس اسٹیشنوں میں تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ تقاریب کا مقصد عوام کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کرانا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیرقیادت عوامی حکومت نے انتخابی وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے 9 ڈسمبر 2023ء سے مہا لکشمی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز کیا۔ خواتین کو آر ٹی سی کی تمام سرویسس میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور اسکیم پر عمل آوری سے خواتین مطمئن ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی کو خسارہ سے بچانے کے لئے حکومت مفت سفر کا معاوضہ ادا کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسکیم پر مؤثر عمل آوری کا سلسلہ جاری رہے گا اور کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی جائے گی۔ پونم پربھاکر نے آر ٹی سی ڈرائیورس، کنڈکٹرس اور دیگر ملازمین کی ستائش کی جو اسکیم پر کامیاب عمل آوری میں نمایاں رول ادا کررہے ہیں۔ حکومت آر ٹی سی ملازمین کی معاشی ترقی اور اُنھیں ملازمت سے متعلق تمام سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مہا لکشمی اسکیم کا مقصد خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے کیوں کہ مفت سفر سے خواتین میں بھاری رقومات کی بچت ہورہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ہر خاتون کو ماہانہ کم از کم 4 تا 5 ہزار روپئے کی بچت ہورہی ہے۔ 200 کروڑ خواتین کے مفت سفر کے جشن پروگراموں میں ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی، ارکان کونسل، میئرس اور مقامی عوامی نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی ملازمین کی بھلائی حکومت کے پیش نظر ہے اور مہا لکشمی اسکیم کے ساتھ ساتھ حکومت آر ٹی سی ملازمین اور ورکرس کی بھلائی کے اقدامات کررہی ہے۔ آر ٹی سی نے بہتر کارکردگی کے ذریعہ قومی سطح پر ایوارڈس حاصل کئے ہیں۔ اسکیم پر کامیاب عمل آوری کے لئے ہر بس ڈپو میں 5 ڈرائیورس اور 5 کنڈکٹرس کو ایوارڈ پیش کئے جائیں گے۔1