2015 ء سے ہر سال ایک لاکھ سے زائد افراد نے ہندوستانی شہریت چھوڑدی

   

جاریہ سال 1.83 لاکھ افراد دیگر ممالک منتقل، پارلیمنٹ میں وزارت خارجہ کے جواب سے انکشاف
حیدرآباد ۔9 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) گزشتہ چند برسوں میں ہندوستانی شہریت ترک کرتے ہوئے دیگر ممالک کی شہریت حاصل کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے ۔ وزارت خارجہ نے لوک سبھا میں ہندوستانی شہریت ترک کرنے والے افراد کی فہرست جاری ہے لیکن وجوہات کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔ 2017 ء میں 133049 ہندوستانیوں نے شہریت کو ترک کرتے ہوئے دیگر ممالک کا رخ کیا۔ 5 سال بعد جاریہ سال 31 اکتوبر تک 183741 افراد نے ہندوستانی شہریت کو خیرباد کہہ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکز نے بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کے بعد جو حالات پیدا ہوئے ہیں، اس سے صنعتی گھرانے خوش نہیں ہیں۔ ملک میں بی جے پی حکومت کی پالیسیوں اور خاص طور پر نفرت کی سیاست سے بچنے کیلئے عوام دیگر ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔ مملکتی وزیر خارجہ وی مرلی دھرن نے لوک سبھا میں تحریری جواب میں بتایا کہ 2015 ء میں 131489 ہندوستانی شہریوں نے شہریت کو ترک کردیا۔ 2016 ء میں 141603 ، 2017 ء میں 133049 ، 2018 ء میں 134561 ، 2019 ء میں 144017 ، 2020 ء میں 85256 اور 2021 ء میں 163370 ہندوستانیوں نے شہریت کو ترک کردیا۔ تحریری جواب میں گزشتہ چند برسوں میں ہندوستانی شہریت حاصل کرنے والے بیرونی شہریوں کے اعداد و شمار پیش کئے گئے ۔ بنگلہ دیش ، پاکستان اور افغانستان کو چھوڑ کر دیگر ممالک کے شہریوں کو ہندوستانی شہریت دی گئی۔ 2015 ء میں 93 ، 2016 ء میں 153 ، 2017 ء میں 175 ، 2018 ء میں 129 ، 2019 ء میں 113 ، 2020 ء میں 27 ، 2021 ء میں 42 اور 2022 ء میں 60 غیر ملکیوں کو ہندوستانی شہریت دی گئی ۔ ر