نئی دہلی، 28 نومبر (یو این آئی) بی جے پی نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو مایوس اور انتشار پسند لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 2024 کا پارلیمانی انتخاب غیر قانونی تھا تو انہیں اور پرینکا گاندھی واڈرا کو پارلیمنٹ رکنیت سے استعفیٰ دینا چاہیے ۔ بی جے پی لیڈر روی شنکر پرساد نے پریس کانفرنس میں راہول گاندھی اور کانگریس کو خواتین مخالف قرار دیا۔ آئینی ترمیم اور حد بندی کے معاملے پر راہول گاندھی کے بیان پر کہا کہ ان کا بیان ایسے سیاسی رہنما کی مایوسی کا اظہار ہے ، جس کی سیاسی بنیاد کھسک چکی ہے اور جس کی شخصیت انتشار پسند ہوگئی ہے ۔ بی جے پی لیڈر نے راہول کے بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا گیانیش کمار 2024 میں چیف الیکشن کمشنر تھے ؟ انہوں نے کہا کہ گیانیش کمار اس وقت چیف الیکشن کمشنر نہیں تھے اور نہ ہی 2029 میں اس عہدے پر ہوں گے ، اس کے باوجود راہول گاندھی ان کے بارے میں بات کیوں کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ووٹر لسٹ معاملے پر راہول کے بیانات سے ملک کے بعض اعلیٰ آئینی عہدوں پر فائز افراد بھی گمراہ ہوئے ہیں۔ پرساد نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی کو جھوٹ بولنے میں ڈاکٹریٹ نہیں بلکہ سپر ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ راہول گاندھی جن 14 کروڑ افراد کے اعداد و شمار کا بار بار ذکر کرتے ہیں، ان میں 2.8 کروڑ افراد کا انتقال ہوچکا ہے ، 6.3 کروڑ لوگ نقل مکانی کرچکے ہیں، ایک کروڑ افراد کے نام دوہری اندراج میں شامل ہیں اور تین کروڑ افراد غیر حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ روزگار یا دیگر وجوہات سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتے رہتے ہیں اور ووٹ بھی وہیں ڈالتے ہیں جہاں منتقل ہوئے ہوں۔ انہوں نے سوال کیا کہ راہول گاندھی یہ اعداد و شمار کہاں سے حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی خواتین کو بااختیار بنانے اور لوک سبھا و اسمبلیوں میں ان کی مضبوط شراکت داری یقینی بنانے ہرطرح پرعزم ہیں۔