2024 سے قبل یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کو یقینی بنانے کی کوشش

   

بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں متنازعہ قانون سے متعلق سنجیدگی سے غور ، بہار میں امیت شاہ کے اشارے
حیدرآباد۔27اپریل (سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار والی ریاستوں میں یونیفارم سیول کوڈ کے نفاذ کے سلسلہ میں سنجیدگی سے غور کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی 2024 عام انتخابات سے قبل ان ریاستوں میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کو یقینی بنانے کے عمل کا جائزہ لے رہی ہے ۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے حالیہ دورۂ بہار کے دوران کہا کہ اگر ریاستی حکومتیں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کا فیصلہ کرتی ہیں تو اس میں کوئی قباحت نہیں ہے کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے دستور کی دفعہ 44کے تحت اپنے انتخابی منشور میں اس بات کا وعدہ کیا تھا کہ ملک میں یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق پارٹی اعلیٰ کمان کی جانب سے ملک بھر میں ایسی 12 ریاستیں جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے ان ریاستوں میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے اقدامات کا جائزہ لیا جارہاہے ۔ چیف منسٹر ہماچل پردیش جئے رام ٹھاکر نے ہماچل پردیش میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے سلسلہ میں اقداما ت کا جائزہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے اس بحث کو چھیڑ دیا ہے اور اس مسئلہ پر اب بی جے پی کے اقتدار والی ریاستوں کی جانب سے یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے سلسلہ میں غور و خوص کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے علاوہ وزارت امور قوانین سے تجاویز طلب کی جانے لگی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ 12 ریاستوں میں جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکمرانی ہے وہاں بی جے پی کو یکساں سیول کوڈ کے نفاذ میں کسی بھی طرح کی دشواری کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا لیکن جن ریاستوں میں بی جے پی نے دیگر سیاسی جماعتوں سے اتحاد کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا ہے ان ریاستو ںمیں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے سلسلہ میں اقدامات کو مخالفت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ بہار میں جہاں جے ڈی یو اور بی جے پی نے اتحاد کرتے ہوئے حکومت بنائی ہے وہاں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے سلسلہ میں اشارے دیئے جانے پر جے ڈی یو نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں یکساں سیول کوڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ اسی طرح پڈی چیری ‘ سکم کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی بی جے پی کو یکساں سیول کوڈ کے نفاذپر مخالفت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے سلسلہ میں بی جے پی قائدین اور چیف منسٹرس کی جانب سے تیزی سے مشاورت جاری ہے اوربی جے پی 2024 انتخابات سے قبل ان تمام ریاستوں میں جہاں بی جے پی کی حکمرانی ہے میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے اقدامات کر رہی ہے۔م