21ویں صدی :کنیکٹیویٹی کاترقی میں اہم رول:مودی

   

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مقامی طور پر بنائے گئے 5G ٹسٹ بیڈ کو قوم کے نام وقف کرتے ہوئے کہا کہ 21ویں صدی میں کنیکٹیویٹی ملک کی ترقی کا تعین کرے گی اوراس دہائی کے آخر تک ملک میں 6G خدمات بھی شروع ہو جائیں گی۔ ٹاسک فورس نے اس کے لیے کام شروع بھی کر دیا ہے ۔آج یہاں ٹیلی کام ریگولیٹر ٹرائی کی سلور جوبلی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہاکہ یہ ایک خوش کن اتفاق ہے کہ آج اس تنظیم نے 25 سال مکمل کر لیے ہیں، پھر ملک اگلے 25 سال کے لیے روڈ میپ پر کام کرے گا۔ تھوڑی دیر پہلے مجھے ملک کو اپنا مقامی طور پر تیار کردہ 5جی ٹیسٹ بیڈ قوم کے لیے وقف کرنے کا موقع ملا ہے ۔ ٹیلی کام سیکٹر میں اہم اور جدید ٹیکنالوجی کی خود انحصاری کی طرف یہ ایک اہم قدم ہے ۔ میں اس پروجیکٹ آئی آئی ٹی سے وابستہ تمام ساتھیوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ملک کے نوجوانوں، محققین اور کمپنیوں کو 5جی ٹیکنالوجی بنانے کے لیے اس ٹیسٹنگ سہولت کو استعمال کرنے کی دعوت دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ یہ ہمارے اسٹارٹ اپس کے لیے اپنی مصنوعات کو جانچنے کا بہترین موقع ہے ۔