3مہینے میں وزن کم کرنے ملازمین کوڈی جی پی آسام کی وارننگ

   

گوہاٹی:آسام میں پولیس ملازمین، جن کا وزن زیادہ ہے، ان کے پاس رواں سال نومبر تک وزن کم کرنے کا وقت ہے۔ ورنہ انھیں وی آر ایس (رضاکارانہ ریٹائرمنٹ) لینا پڑے گا۔ یہ بات آسام کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جی پی سنگھ نے منگل کے روز کہی۔ اس سے قبل آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے اعلان کیا تھا کہ موٹاپے سے نبرد آزما شخص ریاستی پولیس محکمہ میں کام نہیں کر سکتا۔ ایسے پولیس ملازمین کو سرکاری طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے وی آر ایس لینا ہوگا۔بہرحال، جی پی سنگھ کا کہنا ہے کہ آئی پی ایس اور اے پی ایس افسران، بٹالین اور پولیس محکمہ کے دیگر ملازمین سمیت سبھی آسام پولیس ملازمین کے باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) کی پیشہ ور ریکارڈنگ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم افسران سمیت سبھی آسام پولیس ملازمین کو 15 اگست تک تین مہینے کا وقت دینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور پھر آئندہ 15 دنوں میں بی ایم آئی انڈیکس کریں گے۔ جو لوگ موٹاپے (بی ایم آئی 30 پلس) زمرہ میں ہیں، انھیں وزن کم کرنے کے لیے نومبر تک تین مہینے کا مزید وقت دیا جائے گا۔‘‘آسام کے ڈی جی پی کا کہنا ہے کہ جو افسر اور پولیس اہلکار اپنا وزن کم کرنے میں ناکام رہیں گے، جب تک کہ انھیں ہائپوتھائرائڈزم وغیرہ جیسی کوئی بیماری نہ ہو، انھیں وی آر ایس کا متبادل دیا جائے گا۔ ڈی جی پی نے یہ بھی تذکرہ کیا کہ بی ایم آئی کی پیشہ ور ریڈنگ کے لیے جانے والے وہ خود پہلے شخص ہوں گے۔