ہندوستانیوں بالخصوص امیروں میں تشویشناک رجحان جاری۔ امریکہ، آسٹریلیا، کینیڈا، برطانیہ میں مستقل سکونت
محمد مبشرالدین خرم
حیدرآباد۔19 جولائی ۔ ہندوستانی اپنی شہریت ترک کرتے ہوئے دنیا کے مختلف ممالک میں سکونت اختیار کرنے لگے ہیں اور سال 2019 میں 1لاکھ 63ہزار370 ہندوستانیوں نے اپنی شہریت ترک کرتے ہوئے دنیا کے مختلف ممالک کی شہریت اختیار کی ہے۔مرکزی مملکتی وزیر داخلہ نتیانند رائے نے رکن پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سال 2019سے 2021کے درمیان مجموعی اعتبار سے 3لاکھ 92ہزار 643 ہندوستانیوں نے اپنی شہریت ترک کرتے ہوئے دنیا کے مختلف ممالک میں سکونت اختیار کی ہے۔ ہندوستانیوں کی اولین ترجیح امریکہ ہے جہاں سال 2021 کے دوران 78 ہزار 284 افراد نے سکونت اختیار کرتے ہوئے ہندوستانی شہریت ترک کردی۔ جبکہ سال 2020کے دوران 30 ہزار828 افراد نے امریکہ منتقل ہوتے ہوئے اپنی ہندوستانی شہریت ترک کی تھی۔ سال 2019 میں 61ہزار 683 اپنی شہریت ترک کرتے ہوئے امریکی شہریت اختیار کرچکے ہیں۔دوسرے نمبر پر آسٹریلیا ہے جہاں 23 ہزار 533 ہندوستانیوں نے سال 2021میں شہریت اختیار کی اور سال 2020کے دوران 13ہزار518 ہندوستانیوں نے آسٹریلیائی شہریت اختیار کرتے ہوئے اپنی ہندوستانی شہریت ترک کی۔ اسی طرح سال 2019 میں 21ہزار340 ہندوستانیوں نے اپنی شہریت ترک کرتے ہوئے آسٹریلیائی شہریت اختیار کی ہے۔تیسرے نمبر پر کینیڈا ہے جہاں ہندوستانی شہری سکونت اختیار کرنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ 2021 میں 21ہزار597 ہندوستانی شہریوں نے کینیڈا کی شہریت اختیارکرتے ہوئے ہندوستانی شہریت ترک کی ہے اور سال 2020 میں 17 ہزار93 ہندوستانیوں نے کینیڈا کی شہریت اختیار کی تھی اور سال 2019میں جملہ21ہزار281 ہندوستانی شہریوں نے اپنی شہریت ترک کرتے ہوئے کینیڈا کی شہریت اختیار کی تھی۔ چوتھے نمبر پر برطانیہ ہے جہاں 2021 میں 14ہزار 637 ہندوستانیوں نے شہریت اختیار کرتے ہوئے اپنی ہندوستانی شہریت ترک کی تھی جبکہ سال 2020میں 6ہزار489 ہندوستانیوں نے برطانیہ کی شہریت اختیار کی تھی اور سال 2019میں 14ہزار309 ہندوستانیوں نے اپنی شہریت ترک کرتے ہوئے برطانوی شہریت اختیار کی تھی۔ان ممالک کے بشمول 11 ایسے ممالک ہیں جہاں سال 2021 کے دوران زائد از 1000 ہندوستانیوں نے شہریت اختیار کی ہے۔پارلیمنٹ میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق دنیا کے 103 ممالک میں ہندوستانی شہریوں نے اپنے شہریت ترک کرتے ہوئے ان ممالک کی شہریت اختیار کی ہے۔جن ممالک میں ہزار سے زائد ہندوستانی شہریوں نے سکونت اختیار کی ہے ان میں امریکہ ‘ کینیڈا‘ آسٹریلیاء‘ برطانیہ ‘ جرمنی ‘ پرتگال‘ اٹلی ‘ نیدرلینڈ‘ نیوزی لینڈ‘سنگاپور‘ اسپین‘ سویڈن شامل ہیں۔ ہندوستانی شہریت ترک کرتے ہوئے جن ممالک کی شہریت ہندوستانی اختیار کررہے ہیں ان میں ترکی ‘ متحدہ عرب امارات‘ تھائی لینڈ‘ملیشیاء‘ ایران ‘ انڈونیشیاء‘ کے علاوہ دیگر کئی ممالک ہیں جہاں ہندوستانی شہری سکونت اختیار کر رہے ہیں۔رکن پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے حکومت سے 2019سے 2021 کے دوران ترک شہریت کرنے والوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے استفسار کیا تھا کہ ترک شہریت کی وجوہات کیا ہیں!ترک شہریت کی وجوہات کے سلسلہ میں کئے گئے استفسار پر نتیانند رائے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریت ترک کرنے والو ںکی ذاتی وجوہات ہیں جن کی بنیاد پر انہوں نے ہندوستانی شہریت ترک کرتے ہوئے دیگر ممالک کی شہریت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گذشتہ دو برسوں میں ہندوستانی شہریت ترک کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔