حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز)سائبر آباد پولیس نے سال نو تقاریب کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے ہیں۔ 31 ڈسمبر کی رات سائبر آباد کے تمام فلائی اوورس کو عوام کیلئے بند کردیا جائے گا اور کسی بھی فلائی اوور سے گذرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آوٹر رنگ روڈ اور ایکسپریس وے پر سوائے ایر پورٹ سے آنے والوں کے علاوہ کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور یہ رات 10 بجے تا صبح 5 بجے تک لاگو رہے گی۔ سائبرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اور کیاب و ٹیکسی ڈرائیورس اور آٹو رکشا ڈرائیورس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے یونیفارم میں رہیں اور مکمل دستاویزات کو ساتھ رکھا جائے۔ سائبرآباد پولیس کی جانب سے شلپا لے آوٹ فلائی اوور ، گچی باؤلی فلائی اوور ، بائیو ڈائیورسٹی فلائی اوور، شیخ پیٹ فلائی اوور ، درگم چیرو فلائی اوور، سائبر ٹاور، فورم مال، جے این ٹی یو ، کیتلا پور، بابو جگجیون رام فلائی اوور، بالا نگر ، ان تمام فلائی اوورس کو 31 ڈسمبر کی رات بند کردیا جائے گا۔ ساتھ ہی بارس اور پبس کے انتظامیہ کو پابند کردیا گیا ہے کہ وہ اپنے گاہکوں کو نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے کی اجازت نہ دیں اور انہیں نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے سے روکنے کے اقدامات کرتے ہوئے حادثات کے خطرات سے آگاہ کیا جائے۔ سال نو تقاریب کو حادثات سے پاک اور خوشگوار بنانے کیلئے پولیس سائبرآباد کی جانب سے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ع