37 صدورنشین کی نامزدگی پر الجھن برقرار، احکامات کی اجرائی باقی

   

انتخابی ضابطہ اخلاق اہم رکاوٹ، قائدین مبارکبادیاں قبول کرنے میں مصروف
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے لوک سبھا کے اعلامیہ کی اجرائی کے دن 37 مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین کو نامزد کیا لیکن آج تک احکامات تقرر کی عدم اجرائی سے نامزد قائدین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ حکومت کی جانب سے بھی اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کی جارہی ہے اور حکومت کے سرکاری ویب سائیٹ پر احکامات کو اَپ لوڈ کرنے کے بارے میں عہدیدار خاموش ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 37 کارپوریشنوں کے صدورنشین کے تقرر کیلئے فہرست تیار کی گئی اور 14 مارچ کی تاریخ میں جی او کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جی او بھلے ہی پرانی تاریخ میں تیار کیا جائے لیکن اسے اَپ لوڈ کرنے کی تاریخ اور وقت کا شمار ہوتا ہے لہذا انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ جی او کی اجرائی میں رکاوٹ بن گیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ 37 صدورنشین کیلئے صرف جی اے ڈی سے احکامات کی اجرائی کافی نہیں ہے بلکہ مختلف محکمہ جات کو علحدہ علحدہ احکامات جاری کرنے ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے جس دن شیڈول جاری کیا اسی لمحہ سے انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے۔ عہدیدار تقررات کے جی او جاری کرنے میں احتیاط کررہے ہیں تاکہ یہ ضابطہ اخلاق کی زد میں نہ آجائے۔ جی اے ڈی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے تقررات کے احکامات کی اجرائی پر تبصرہ سے گریز کیا ہے۔ دوسری طرف جن قائدین کو تقررات کی اطلاع دی گئی وہ متعلقہ وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکبادیاں قبول کرنے میں مصروف ہیں۔ اس معاملہ کو جب چیف الیکٹورل آفیسر سے رجوع کیا گیا تو وکاس راج نے کہا کہ وہ تقررات کے جی اوز کی اجرائی کا جائزہ لیں گے۔1