6.5 کروڑ خواتین کا مفت بس سفر کی سہولت سے استفادہ

   

آر ٹی سی پر بوجھ اور آمدنی میں اضافہ کا جائزہ اجلاس ، وزیر ملوبھٹی وکرامارک کا خطاب
حیدرآباد۔3۔جنوری(سیاست نیوز) ریاست میں 6.5کروڑ خواتین نے مہالکشمی اسکیم کے تحت مفت بس کے سفر کی سہولت سے استفادہ کیا جس پر ڈپٹی چیف منسٹرو ریاستی وزیر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک اورریاستی وزیر بی سی ویلفیر مسٹرپونم پربھاکر نے مسرت کا اظہار کیااور عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ آرٹی سی پر خواتین کے مفت سفر کی سہولت کے سبب عائد ہونے والے بوجھ سے نمٹنے کے لئے آمدنی میں اضافہ کے متبادل انتظامات کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک اور وزیر بی سی ویلفیر مسٹر پونم پربھاکر نے ریاست میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کا جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے محکمہ کی کارکردگی کے متعلق آگہی حاصل کی اور کہا کہ ریاستی حکومت ٹی ایس آر ٹی سی میں خدمات انجام دے رہے ملازمین کے بقایاجات ‘ پی آر ایس ‘ ڈی اے اور دیگر کی جلد اجرائی کے سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا۔ جائزہ اجلاس کے دوران ریاستی وزراء نے بتایا کہ حکومت ان کے بقایاجات کی مرحلہ وار انداز میں اجرائی کے متعلق قطعی فیصلہ کرے گی۔ مسٹر ملو بھٹی وکرمارک کی نگرانی میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران حکومت تلنگانہ کی جانب سے شروع کردہ خواتین کے لئے مفت بس خدمات کے متعلق بھی تفصیلات سے آگہی حاصل کی گئی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں یومیہ 10 کروڑ روپئے کے ’’زیروٹکٹ‘‘ جاری کئے جار ہے ہیں اور 27لاکھ خواتین بس کے سفر کی اسکیم سے استفادہ کر رہی ہیں۔جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں نے وزراء کو ٹی ایس آر ٹی سی کے معاشی موقف ‘ ملازمین کے مسائل اور ان کے بقایا جات کے علاوہ مہالکشمی اسکیم کے تحت خواتین کے لئے مفت سفر کی سہولت کی تفصیلات پاؤرپوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ پیش کرتے ہوئے حقائق سے واقف کروایا۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست میں مہالکشمی اسکیم کے آغاز کے بعد سے آرٹی سی بس مسافرین کی تعداد میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے اور کئی بس ڈپو سے روانہ ہونے والی بسوں میں 100 فیصد مسافرین رہنے لگے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مجموعی اعتبار سے ریاست بھر میں یومیہ 27لاکھ خواتین مفت بس کے سفر کی سہولت سے استفادہ کر رہی ہیں جبکہ 10 کروڑ مالیت کے ’زیروٹکٹ‘ کی اجرائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلات پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت خواتین کے لئے مفت بس کی سہولت کی اسکیم کو جاری رکھنے کے لئے کارپوریشن کو درکار بجٹ کی فراہمی کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہیں کرے گی۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آرٹی سی کے تحفظ اور بقاء کے علاوہ ترقی کے لئے ممکنہ اقدامات کرے گی اور ادارہ کے مفادات کے تحفظ میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔ عہدیداروں نے جائزہ اجلاس کے دوران بتایا کہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے بقایا جات کے سلسلہ میں متعدد نمائندگیاں موصول ہورہی ہیں جس پر ریاستی وزراء نے کہا کہ حکومت ان کے بقایاجات کی اجرائی کے عہد کی پابند ہے لیکن ان بقایا جات کی اجرائی مرحلہ وار انداز میں کی جائے گی۔ 3