7 اکتوبر حملے سے ہمارے تعلق کے بارےاسرائیلی بیانات اشتعال انگیز : مصر

   

قاہرہ: اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کے اس دعوے کے بعد کہ 7 اکتوبر کو ہوئے حملے کی اہم ذمہ داری مصر پر عائد ہوتی ہے۔ مصری وزارت خارجہ نے فوری طور پر ردعمل کا اظہار کردیا۔ اسرائیلی وزیر نے یہ بھی کہا تھا کہ حماس کا گولہ بارود مصر سے گزرتا ہے۔صہیونی وزیر کا جواب دیتے ہوئے مصری وزارت خارجہ نے ان بیانات کو اشتعال انگیز اور ناقابل قبول قرار دیا اور کہا یہ بیانات قتل و غارت گری کی بھوک کو ظاہر کر رہے ہیں۔مصری وزارت خارجہ کے ترجمان احمد ابو زید نے مزید کہاکہ یہ بدقسمتی اور شرمناک ہے کہ اسرائیلی وزیر خزانہ سموٹریچ غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات دیتے رہتے ہیں اور بحران پر قابو پانے کی کسی بھی کوشش کو سبوتاڑ کردیتے ہیں۔احمد ابو زید نے کہا اس طرح کے بیانات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں کیونکہ مصر کا اپنی سرزمین پر مکمل کنٹرول ہے۔ مصر کسی بھی فریق کو اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ وہ اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوششوں میں مصر کا نام شامل کرلے۔دسمبر میں سموٹریچ نے مصر پر ماضی میں بھاری مقدار میں گولہ بارود کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دینے پر کڑی تنقید کی تھی۔یاد رہے مصر نے رفح میں فوجی آپریشن کرنے کے ارادے کے حوالے سے تل ابیب کو فیصلہ کن انتباہی پیغامات بھیجے ہیں۔