7 اکتوبر حملے کو روکنے کی ناکامی پر اسرائیلی انٹلیجنس کور کا سربراہ مستعفی

   

تل ابیب :اسرائیلی فوجی انٹلیجنس کے سربراہ اہارون ہالیوا نے گذشتہ برس 7 اکتوبر کو حملے کو روکنے کی ناکامی پر استعفیٰ دے دیا۔خبر رساں ایجنسی اسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیلی فوج کی انٹلیجنس کور کے سربراہ اہارون ہالیوا وہ پہلے بڑے اور اہم سرکاری عہدیدار ہیں جنہوں نے گزشتہ برس 7 اکتوبر کو فلسطین کی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ 7 اکتوبر کے حماس کے حملوں نے اسرائیل کی فوج اور اس کی دفاعی صلاحیت کے بارے میں قائم تاثر کو بری طرح نقصان پہنچایا۔غزہ کی پٹی سے کیے گئے ان حملوں میں اسرائیل کے مطابق ایک ہزار 200 سے زائد افراد مارے گئے جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔ اس حملے میں حماس کے عسکریت پسندوں نے اسرائیل سے 250 سے زیادہ افراد کو یرغمال بنایا اور ساتھ لے گئے۔ 7 اکتوبر کی اس اچانک کی گئی کارروائی کے بعد اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر بمباری کا سلسلہ شروع کیا جو چھ ماہ سے جاری ہے۔اسرائیلی فوج کی انٹلی جنس کے سربراہ نے حماس کے حملے کے فوری بعد کہا تھا کہ وہ اس کو نہ روک پانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔