45 لاکھ ووٹرس کی نقل مکانی، 9.22 لاکھ متوفی ووٹرس، 6.70 لاکھ دوہرے ووٹ
حیدرآباد۔11۔اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی جامع خصوصی نظرثانی (SIR-2026) شماری عمل کے حو الے سے الیکشن کمیشن نے اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے منگل کو ریاست میں جملہ ووٹرس کی تعداد اور اینومریشن فارمس کی موجودہ صورتحال سے متعلق تفصیلات پیش کی ۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق ریاست بھر میں جملہ 3,38,26,448 ووٹرس کی شناخت کی گئی ، ان میں سے 2,64,87,214 ، (78.30) فیصد اینومریشن فارمس کی ڈیجیٹلائیزیشن کامیابی سے مکمل ہوگئی جبکہ 73,39,234 فارمس (21.79) فیصد کو ناقابل جمع قرار دیا گیا ۔ الیکشن حکام کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فارمس جمع نہ ہونے کی کئی وجوہات بتائی گئی ہیں ۔ سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ 45,18,961 ووٹرس ایسے ہیں جو اپنے اصل پتے چھوڑ کر مستقل طور پر منتقل ہوچکے ہیں۔ 11,25,546 افراد کو غیر حاضر یا عدم دستیاب کے طورپر درج کیا گیا ہے۔ 9,22,230 ووٹرس کی شناخت فوت شدہ افراد کے طورپر کی گئی ہے ۔ 6,70,203 کے دوہرے ووٹ (Duplicates) یعنی یہ افراد پہلے سے ہی کسی اور مقام پر ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ پائے گئے ۔ 1,02,294 فارمس کو دیگر متفرق وجوہات کی بناء پر دیگر زمرہ میں رکھا گیا ہے ۔ الیکشن حکام نے وا ضح کیا کہ SIR سروے کا بنیادی مقصد ووٹر لسٹ کو مکمل طور پر شفاف ، پاک اور درست بنانا ہے ۔ نقل مکانی کرنے والوں ، فوت شدگان اور ڈپلیکٹ ووٹرس کے ناموں کی مکمل قانونی قواعد و ضوابط کے تحت تصدیق و جانچ کی جائے گی تاکہ کوئی بھی حقیقی ووٹر اپنے حق سے محروم نہ ہو۔ تلنگانہ میں اتنے بڑے پیمانہ پر ووٹر لسٹ میں پائی جانے والی گڑبڑ اور ان کے اعداد و شمار کے بعد سیاسی حلقوں میں بھی شدید بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔2/k