نئی دہلی: ایک معصوم بچہ اپنی ماں کے خلاف شکایت لے کرسیدھے پولیس اسٹیشن پہنچ گیا جس پرملازمین پولیس بھی حیرت زدہ رہ گئے۔ یہ عجیب وغریب معاملہ ریاست بہارکے سیتامڑھی کا ہے جہاں ایک 8 بچہ اپنی ہی ماں کی شکایت لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔ بچے نے روتے ہوئے پولیس والوں کو اپنی مار پیٹ کی کہانی سنائی۔ اس کا نام شیوم کمار ہے اور وہ چندریکا مارکیٹ گلی میں رہنے والے سندیپ گپتا اور سونی دیوی کا بیٹاہے۔ شیوم، جو بچہ اپنی ماں کے بارے میں شکایت کر رہا ہے، کلاس چہارم کا طالب علم ہے۔ پولیس والے بھی اس کی باتیں سن کر حیران رہ گئے۔ بچے نے الزام لگایا کہ پولیس انکل، ماں کھانا چھین کر پھینک دیتی ہے اور اس کے کان میں زخم ہے لیکن پھر بھی ماں نے اسے وہیں مارا۔ بچے نے بتایا کہ جب وہ اپنی ماں سونی دیوی سے کھانا مانگنے گیا تو اس کی ماں نے اسے مارا، اس کی ماں اسے وقت پر کھانا بھی نہیں دیتی۔بچے کی بات سننے کے بعد ایس ایچ او راکیش کمار نے اسے کھانا کھلایا اور کارروائی کا یقین دلاتے ہوئے پیار سے سمجھایا اور گھر والوں کے حوالے کردیا۔