حیدرآباد19جنوری(سیاست نیوز) ادارہ سیاست اور تلنگانہ کونسل برائے تاریخی تحقیق( ٹی سی ایچ آر) کے زیر اہتمام ’’An Appraisal of Asif Jahis”کے عنوان سے دو روز سمینار ریڈی ہاسٹل آڈیٹوریم میں منعقد کیا جارہاہے ۔ جمعہ 20 جنوری سے 21جنوری صبح 10بجے سے شام 4بجے تک اس دو روزہ سمینارمیں کلیدی خطبہ پروفیسر ڈاکٹر ڈی رویندر کاہوگا اور نگرانی پروفیسر اڈپا ستیہ نارائنہ کریں گے۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان اور محترمہ ذرینہ پروین ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ آرکائیوز مہمانان خصوصی ہونگے۔ تلنگانہ کی مختلف یونیورسٹیوں و کالجوں کے ایک سو کے قریب محکمہ تاریخ کے سربراہان کو سمینار میںمدعو کیاگیا ہے جو آصف جاہی سلاطین کے کارناموں پر مقالے پیش کریںگے۔ سکریٹری ٹی سی ایچ آر ٹی وویک کا کہنا ہے کہ دائیں اور بائیں بازو نظریات کے حامل مورخین نے آصف جاہی حکمرانوں کے خلاف جو منفی پروپگنڈہ کیا اس کو دور کرنے کا وقت آگیاہے ۔ انہوں نے ٹی سی ایچ آر آصف جاہی سلاطین کی رعایہ پروری‘ اصلاحی نظام‘ تلنگانہ کی ترقی میںان کے اہم رول کو اجاگر کرکے نوجوان نسل میں سلاطین ِ آصف جاہیوں کے متعلق غلط فہیموں کو دور کررہا ہے۔ ممتاز مورخین ‘ محققین ان حقائق کو اپنے مقالوں میںپیش کریں گے جن کوتلنگانہ کی عوام سے پوشیدہ رکھا گیاہے۔