وائس چانسلرس سے گورنر کی ویڈیو کانفرنس، دنیا کو ہندوستان کی تہذیب و ثقافت سے واقف کرانے کی ضرورت
حیدرآباد۔/28 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ریاستی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس پر زور دیا کہ وہ G-20 سے متعلق تقاریب میں طلبہ کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے وائس چانسلرس سے کہا کہ طلبہ کی شمولیت کے ساتھ سلسلہ وار پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔ گورنر نے راج بھون سے مختلف اسٹیٹ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ G-20 کی صدارت ہندوستان کیلئے قابل فخر لمحہ ہے اور ہم تمام کیلئے یہ گھڑی اہمیت کی حامل ہے لہذا ہندوستان کے عظیم تہذیبی اور ثقافتی ورثہ کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے ہمیں مساعی کرنی چاہیئے۔ دنیا کے طاقتور ترین ممالک کو ہندوستان کی تہذیب کے پہلوؤں سے آگاہ کیا جاسکتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ ریاست میں 6 اہم پروگرام منعقد ہوں گے جن کے ذریعہ ہم جی 20 کی صدارت پر فخر کا اظہار کرسکتے ہیں۔ گورنر نے یونیورسٹیز کو مشورہ دیا کہ وہ طلبہ کیلئے مختلف مقابلوں کا اہتمام کریں اور ساونیرس جاری کریں۔ 3 بہترین ساونیرس کو انعام دیا جائے گا۔ گورنر نے تحریری، تقریری، پینٹنگ، پوسٹر میکنگ اور دیگر تہذیبی سرگرمیوں پر مشتمل مقابلے ایک ہفتے تک منعقد کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو ان تقاریب میں شامل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ایک زمین ، ایک خاندان، ایک مستقبل‘‘ کے جی۔ 20 کے نظریہ کو زیادہ سے زیادہ تشہیر دی جائے۔ ویڈیو کانفرنس میں کئی وائس چانسلرس نے جی۔20 تقاریب کے سلسلہ میں اپنی رائے پیش کی ہے۔ر