SIR ووٹر لسٹ میں عوام کو بڑی راحت ، معمولی املا کی غلطیوں پر نہیں ملے گی نوٹس

   

چند اضلاع میں ووٹرس کو نوٹس بھیجنے کا سلسلہ شروع ۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کا اعلان
گریٹر حیدرآباد میں انگریزی اور تلگو میں نوٹسیں ۔ جبکہ اضلاع میں صرف تلگو میں نوٹسیں جاری ہوں گی

حیدرآباد : /20 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی جامع نظرثانی (SIR) عمل کے دوران مسودہ ووٹر لسٹ کی اجرائی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ۔ اس کے بعد نوٹسیں جاری کرنے کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے ۔ اس دوران لاکھوں ووٹرس کیلئے ایک راحت کی خبر سامنے آئی ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی نے فیلڈ لیول کے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس (EROs) کو واضح ہدایات جاری کی ہے کہ ووٹرس کے نام کے املا (Spelling) میں معمولی تضادات پر نوٹس جاری نہ کریں ۔ اس فیصلے سے ریاست کے لاکھوں ووٹرس کو بڑی راحت ملی ہے جو نوٹس اور دفاتر کے چکر لگانے کے خوف میں مبتلا تھے ۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے مسودہ ووٹر لسٹ میں شامل 2,64,87,213 ووٹرس میں سے پہلے مرحلے میں 92,87,577 (35.06 فیصد) ووٹر س کو نوٹس جاری کرنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا ۔ ان میں سے 31.86 لاکھ غیر میاپنگ ووٹرس جنہوں نے 2002 ء کی SIR لسٹ کے مطابق اپنے والدین یا ان کے والدین سے اپنے نام کا اندراج صحیح نہیں کرایا تھا اس کے علاوہ اور 60,50,918 لاکھ بے ضابطگیاں والے ووٹرس شامل تھے ۔ تاہم چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے محسوس کیا کہ اگر یکمشت 92 لاکھ سے زائد ووٹرس کو نوٹسیں بھیجے گئے تو (ERO) دفاتر پر ہزاروں کا ہجوم امڈ پڑے گا جس سے شدید بدنظمی پیدا ہوگی ۔ چنانچہ حکم دیا گیا ہے کہ نام اور Sir Name میں معمولی املا کی غلطیوں کو EROs اور RVOs خود اپنے طور پر درست کریں گے ۔ جن ووٹرس کے نام یا ان کے والدین کے نام 2002 کی فہرست میں ملتے ہیں یا انہیں اہل ووٹر تسلیم کرکے فائنل لسٹ میں برقرار رکھا جائے گا ۔ نوٹس صرف انہیں حالات میں دیئے جائیں گے کہ جہاں ایسے سنگین تضادات ہوں جنہیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔ عوام کو پریشانی سے بچانے کیلئے الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کرنے کے عمل میں اہم تبدیلیاں کی ہیں ۔ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں میں 119 EROs اور 892 معاون EROs کے ذریعے ایک ساتھ تمام نوٹس بھیجنے کے بجائے روزانہ کی بنیاد محدود تعداد میں نوٹس جاری کئے جائیں گے ۔ نوٹس موصول ہونے کی صورت میں ووٹر کو ERO دفتر کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں ہوگی انہیں نوٹس پر درج ہدایات کے مطابق اندرون ایک ہفتہ تحریری وضاحت اور ثبوت جمع کروانا ہوگا ۔ غیر میاپنگ اور سنگین تضادات والے ووٹرس کو الیکشن کمیشن کے تجویز کردہ 11 اقسام کے سرٹیفکیٹس و دستاویزات ( مثلاً آدھار ، پاسپورٹ ، بر قی کا بل وغیرہ ) میں سے کوئی ایک ثبوت کے طور پر پیش کرنا ہوگا ۔ صرف انہیں ووٹرس کو بالمشافہ تفتیش کیلئے بلایا جائے گا جن کے کیس انتہائی پیچیدہ ہوں گے جس کیلئے ERO دفاتر میں مخصوص ٹیبلس اور عملہ تعینات کیا گیا ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے بتایا کہ چند اضلاع میں چہارشنبہ سے نوٹس کی تقسیم شروع ہوچکی ہے ۔ جبکہ گریٹر حیدرآباد میں جمعرات سے یہ عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں عوام کی سہولت کیلئے نوٹس انگریزی اور تلگو دونوں زبانوں میں پرنٹ کئے گئے ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں یہ صرف تلگو میں جاری کئے جارہے ہیں۔ SIR کے تحت تمام تحقیقاتی و تصدیقی کارروائی /15 اکٹوبر 2026 ء تک مکمل کرلی جائیں گی ۔ 2/y