آئندہ سال سے دسویں اور بارہویں امتحانات سال میں دو مرتبہ ہونگے

   

مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا اعلان
حیدرآباد۔/20 فروری، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ تعلیمی سال 2025-26 سے دسویں اور بارہویں بورڈ امتحانات میں طلبہ کو سال میں دو مرتبہ حصہ لینے کا موقع دیا جائے گا۔ دھرمیندر پردھان نے چھتیس گڑھ میں اسکولوں کی ترقی سے متعلق مرکزی حکومت کی اسکیم کا افتتاح کرتے ہوئے بتایا کہ چھتیس گڑھ میں 211 اسکولوں کو اَپ گریڈ کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ 2020 میں مدون کردہ نئی قومی تعلیمی پالیسی کا مقصد طلبہ پر تعلیم کے بوجھ اور دباؤ میں کمی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی سال 2025-26 سے طلبہ کو دسویں جماعت اور بارہویں کے بورڈ امتحانات میں شرکت کا موقع فراہم ہوگا۔ وزارت تعلیم نے گذشتہ سال اگسٹ میں نئے نصاب کا اعلان کیا ہے جس کے تحت سال میں دو مرتبہ امتحانات منعقد ہوں گے تاکہ طلبہ کو بہتر مظاہرہ کی سہولت ملے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ دو مرتبہ امتحانات میں حصہ لے کر اپنے بہتر نمبرات کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔ مرکزی وزیر نے تقریب میں موجود طلبہ سے اس سہولت کے بارے میں سوال کیا جس پر طلبہ نے مثبت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی نئی پالیسی کا مقصد طلبہ پر دباؤ میں کمی اور معیاری تعلیم کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک میں تبدیل کرنے کے مقصد سے مساعی کی جارہی ہے۔ انہوں نے سابق کانگریس حکومت پر تعلیم کے شعبہ کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔1