آئی آئی ایم ملک کی تعمیر اور معاشی تبدیلی کے طاقتورمحرک:دھرمیندر پردھان

   

نئی دہلی 14 مئی (یو این آئی) مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے جمعرات کو کہا کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) ملک کی تعمیر اور معاشی تبدیلی کے طاقتور محرک کے طور پر ابھرنے کے ساتھ ساتھ قیادت اور مینجمنٹ کی تعلیم میں عمدگی کے عالمی رول ماڈل بھی بن گئے ہیں۔ پردھان نے آج انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ احمد آباد میں منعقدہ آئی آئی ایم کے کوآرڈینیشن فورم (رابطہ فورم) کے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ ‘وکست بھارت 2047’ کے ہدف کو شرمندہ تعبیر کرنے میں آئی آئی ایم کا کلیدی کردار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کی بہبود، تعلیمی ایکسی لینس، اختراع، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عالمی مسابقت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی آئی ایم مسلسل قیادت اور مینجمنٹ کی تعلیم کے عالمی معیار قائم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ایم نہ صرف ملک کی تعمیر بلکہ معاشی تبدیلی کے بھی سب سے طاقتور محرکات میں سے ایک بن کر ابھرے ہیں۔ اختراع پر مبنی ایکو سسٹم کو فروغ دے کر، عالمی چیلنجوں کے مطابق خود کو ڈھال کر اور اقدار پر مبنی تعلیم کی حوصلہ افزائی کر کے آئی آئی ایم ہندوستان کے ترقیاتی سفر میں اہم تعاون دے سکتے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کے محکمے کے سکریٹری ونیت جوشی نے بھی آئی آئی ایم کوآرڈینیشن فورم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم اداروں کے درمیان تعاون اور بہتر تال میل کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔