نئی دہلی ۔ آئی آئی ٹی (کھڑگپور) کے ایک سابق طالب علم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے وادی سندھ کی تہذیب کے سکوں پر موجود علامتوں کی درست شناخت کی ہے اور انہیں رسم الخط میں ترتیب دیا ہے اور ان کا نام پروٹو براہمی رکھا ہے ۔ دوبئی میں تیل اور گیس کی صنعت سے متعلق کمپنیوں میں تقریباً 20 سال تک اعلیٰ عہدوں پر کام کرنے والے رجت راکیش نے 2003 میں شروع ہونے والی اپنی تحقیق میں یہ دعویٰ کیا ہے ۔ راکیش حال ہی میں ہندوستان واپس آئے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ اس دور میں پائی جانے والی تمام مہریں اور دیگر مقامات پر کندہ نشانات کو ایک عام زبان کی طرح پڑھا، لکھا اور سمجھا جا سکتا ہے ۔ راکیش نے کہاکہ مہروں کے تجزیہ سے حیرت انگیز نتائج برآمد ہو رہے ہیں جو ہمارے ملک، مذہب اور ثقافت کی تاریخ پر نئی روشنی ڈال سکتے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اگر سچ ثابت ہوتا ہے تو برصغیر پاک و ہند کی تاریخ بدل سکتا ہے۔