آئی اے ایف کا آسام اور میگھالیہ میں امدادی کام جاری

   

نئی دہلی : فضائیہ سیلاب سے متاثرہ شمال مشرقی ریاستوں آسام اور میگھالیہ میں گزشتہ چار دنوں سے امدادی کارروائیوں کو انجام دے رہی ہے اور اب تک 74 پروازیں کرچکی ہیں۔فضائیہ نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ وہ 21 جون سے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں کر رہی ہے ، اس دوران اس کے 74 طیاروں نے ٹیک آف کیا، سیلاب کی وجہ سے پھنسے ہوئے 273 لوگوں کو بچایا گیا اور 200 لوگوں کو انسانی ہمدردی کے تحت نکالا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں ایک ٹن سے زیادہ امدادی سامان گرایا گیا۔فضائیہ نے اپنے بڑے کارگو طیارے سی-130جے سپر ہرکولیس اور اے این-32 کو ریلیف آپریشن میں لانچ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ ایم آئی 17 وی 5، ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر دھرو اور ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو بھی سیلاب میں پھنسے لوگوں تک امدادی سامان پہنچانے کے لیے کام میں لگایا گیا ہے ۔ فضائیہ سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں میں مسلسل امدادی کارروائیوں کو انجام دے رہی ہے ۔