کئی سرکردہ کمپنیوں کے بعد گوگل نے بھی 10 ہزار ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ کرلیا
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) دنیا بھر میں آئی ٹی کمپنیوں کے ملازمین اپنی ملازمتوں اور مستقبل کے متعلق فکرمند ہونے لگے ہیں کیونکہ ٹوئیٹر سے ملازمین کی تخفیف کے ساتھ برطرفی کی کاروائیوں کے دوران سرکردہ آئی ٹی کمپنی Google نے بھی اپنے 10 ہزار ملازمین کی تخفیف کا فیصلہ کیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ سی ای او گوگل سندرپچائی نے اپنی کمپنی ذمہ داروں کو ہدایت دی کہ وہ 6فیصد ملازمین کی تخفیف کو یقینی بنائیں اور ان میںایسے ملازمین کو شامل کیا جائے جو کمپنی کے کام کاج کے متعلق دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کرتے یا ان کی کارکردگی کمپنی کے معیار کے مطابق نہیں ہے۔ ٹوئیٹر ‘ میٹا فیس بک‘ امیزان‘سیلس فورس کے علاوہ دیگر کمپنیوں میں تخفیف کی کاروائیوں کے دوران گوگل سے اپنی بنیادی کمپنی ’الفابیٹ‘ کے 10ہزار ملازمین کو برخواست کرنے کے اقدامات پر کہا جا رہاہے کہ عالمی معاشی انحطاط سے نمٹنے ان کاروائیوں کا شکار ملازمین کے مستقبل کو دیکھتے ہوئے آئی ٹی کمپنیوں کے ملازمین اپنی ملازمتوں کے متعلق فکر مند ہونے لگے ہیں۔ ٹوئیٹر اور میٹا فیس بک کی جانب سے ملازمین کی تخفیف کے ذریعہ خسارہ کو کم کرنے اور آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کے ساتھ ہی خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا دونوں بڑی کمپنیوں کی ان کاروائیوں کے دوران دیگر آئی ٹی اور ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی ملازمین کی تعداد کو گھٹانے اقدامات کرسکتی ہیں اسی دوران سیلس فورس اور امیزان سے ملازمین کی تخفیف نے آئی ٹی صنعت میں ہلچل مچا دی تھی ۔ اب گوگل نے ملازمین کی تخفیف کا فیصلہ کرکے دنیا بھر کی سرکردہ کمپنیوں میں برسرکار آئی ٹی ملازمین کوحیرت میں مبتلاء کردیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ Googleنے اپنے جملہ ملازمین میں 6 فیصد کی تخفیف کا فیصلہ کیا ہے اور یہ تخفیف کارکردگی کی بنیاد پر کی جائے گی ۔ کمپنی نے اس کی توثیق کردی ہے ۔ گوگل میں ملازمین کی برطرفی کے بعد کہا جا رہاہے کہ دنیابھر میں مزید کمپنیوں کی جانب سے آئندہ چند ماہ میں معاشی انحطاط سے نمٹنے ملازمین کی تعداد کو کم کرنے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔م