نئی دہلی 20 جون ( ایجنسیز ) نیٹ یو جی کا دوبارہ امتحان کل اتوار 21 جون کو ہونے والا ہے جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس امتحان میں زائدا ز 22 لاکھ امیدوار شرکت کریں گے ۔ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی نے کہا کہ اس نے موثر انتظامات مکمل کرلئے ہیں اور پرسکون اور محفوظ انداز میں ملک کا سب سے بڑا میڈیکل انٹرنس امتحان منعقد کیا جائے گا ۔ یہ امتحان ہندوستان کے 551 شہروں میں 5,440 مراکز پر منعقد ہوگا ۔ اس کے علاوہ بیرون ملک 14 شہروں میں بھی یہ امتحان منعقد ہوگا ۔ امتحان انگریزی اور 12 دیگر ہندوستانی زبانوں میں ہوگا ۔ کہا گیا ہے کہ یہ امتحان دن میں 2 بجے سے شام 5.15 بجے تک منعقد ہوگا ۔ امتحان میں کاغذ اور قلم کا استعمال کیا جائے گا ۔