آدھارسے لنک نہ ہونے پر پیان کارڈ غیرکارکرد

   

نئی دہلی :جن لوگوں نے اپنے پیان کارڈ (پرمانینٹ اکاؤنٹ نمبر) کو آدھار سے لنک نہیں کیا ہے، ان کے لیے ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ انکم ٹیکس محکمہ نے ہفتہ کو ایک گائیڈلائن جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جو پیان آئندہ سال مارچ کے آخر تک آدھار سے مربوط نہیں ہونگے، انھیں غیر فعال کر دیا جائے گا۔ انکم ٹیکس محکمہ نے اپنی گائیڈلائن میں واضح لفظوں میں لکھا ہے کہ آدھار سے پین لنک کرنا لازمی ہے۔ تاخیر نہ کریں، اسے آج ہی لنک کریں! اس میں بتایا گیا ہے کہ انکم ٹیکس ایکٹ 1961 کے مطابق سبھی پین ہولڈرس کے لیے، جو چھوٹ کے درجہ میں نہیں آتے ہیں، انھیں 31 مارچ 2023 سے پہلے اپنے پین کو آدھار سے جوڑنا لازمی ہے۔ یکم اپریل 2023 سے آدھار سے لنک نہ ہونے والے پین کو غیر فعال کر دیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ مئی 2017 میں مرکزی وزارت مالیات کی طرف سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق آسام، جموں و کشمیر اور میگھالیہ ریاستوں میں رہنے والے اشخاص، غیر باشندہ (انکم ٹیکس ایکٹ، 1961 کے مطابق)، گزشتہ سال کے دوران کسی بھی وقت 80 سال یا اس سے زیادہ کی عمر پورا کرنے والوں اور ایسے شخص جو ہندوستان کے شہری نہیں ہیں انھیں اس سے چھوٹ ملے گی۔