حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آر ٹی سی ملازمین سے اپیل کی ہے کہ 22 اپریل سے مجوزہ ہڑتال سے دستبرداری اختیار کریں کیوں کہ حکومت آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کی یکسوئی میں سنجیدہ ہے۔ ملازمین کے نام اپیل جاری کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہاکہ مطالبات کا حل مذاکرات کے ذریعہ ممکن ہے اور حکومت ملازمین کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی کے حکومت میں انضمام اور ملازمین کی یونینوں کی بحالی جیسے معاملات حکومت کے دائرہ اختیار میں ہے۔ اِن دونوں مطالبات کے علاوہ یونین کی جانب سے جو دیگر مطالبات پیش کئے گئے اُن پر حکومت بات چیت کیلئے تیار ہے۔ حکومت نے حال ہی میں آر ٹی سی ملازمین کے مہنگائی بھتہ میں 2.1 فیصد کا اضافہ کیا ہے۔ ملازمین کے بقایہ جات بروقت ادا کردیئے گئے اور ایک بھی ڈی اے پینڈنگ نہیں ہے۔ i/k/1/V
حکومت آر ٹی سی ملازمین کے لئے پی آر سی کی تشکیل کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی کے استحکام اور ملازمین کی بھلائی میں حکومت کے عہد پر شبہ کی کوئی گنجائش نہیں۔ اُنھوں نے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے بات چیت کے لئے تیار ہوں۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی کے استحکام کے لئے 2978 نئی بسیں متعارف کی گئیں اور 1134 ملازمین کے تقررات کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں 90 سے زائد آر ٹی سی ڈپو منافع میں ہیں۔ آر ٹی سی کے استحکام میں حکومت کو ملازمین کا تعاون ضروری ہے۔1/V