یکم ؍ جون سے عمل آوری، کارپوریشن پر ماہانہ 35 کروڑ روپئے کا اضافی بوجھ
حیدرآباد 9 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد عوام سے وعدوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ اب آر ٹی سی ملازمین کو 21 فیصد پی آر سی فٹمنٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہیکہ اقتدار کے اندرون 48 گھنٹے دو ضمانتوں پر عمل کیا۔ حال میں 500 روپئے گیس اور 200 یونٹس مفت برقی اسکیمات پر عمل کیا گیا ۔ اب آر ٹی سی ملازمین کیلئے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ 21 فیصد پی آر سی دینے اور اس پر یکم ؍ جون سے عمل سے اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے یہ اعلان کیا اور کہا کہ نئی پی آر سی پر عمل سے آر ٹی سی پر ماہانہ 35 کروڑ کا اضافی مالی بوجھ عائد ہوگا۔ پی آر سی میں اضافہ سے آر ٹی سی کے 53,071 ملازمین کو مالیاتی فائدہ ہوگا۔ پونم پربھاکر نے میڈیا سے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد اندرون 48 گھنٹے خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ۔ مسائل کے باوجود آر ٹی سی ملازمین، مزدور مہالکشمی اسکیم پر عمل کرنے تیار ہوئے ہیں اور اسکیم کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ تین ماہ میں 25 کروڑ خواتین نے آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کیا جس کیلئے وہ آر ٹی سی کے ملازمین اور مزدوروں کے مشکور ہیں۔2