آر ٹی سی کو منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کا عزم، آم کی سربراہی کی اسکیم کامیاب: سجنار

   

حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر سجنار نے کہا کہ خسارہ میں موجود کارپوریشن کو منافع بخش ادارہ میں تبدیل کیا جائے گا۔ حیدرآباد کے عابڈز علاقہ میں سجنار نے اسمائلنگ اسٹارس پلے اسکول کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی فی الوقت خسارہ کا شکار ہے۔ گزشتہ سال کارپوریشن کو 2200 کروڑ کا خسارہ ہوا۔ ہم اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ خسارہ سے منافع میں تبدیل کیا جائے۔ اس سلسلہ میں شروع کردہ مساعی مثبت نتائج دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کے علاوہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ سے آر ٹی سی کو نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کارگو سرویس کے بہتر نتائج برآمد ہوئے اور اسے مزید توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسیں، نئی بسیں اور دیگر اختراعی اقدامات کے نتیجہ میں آر ٹی سی آنے والے دنوں میں مزید ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں شروع کردہ آم کی سربراہی اسکیم پر عوام سے حوصلہ افزاء رد عمل حاصل ہوا ہے۔ واضح رہے کہ آم کی آن لائن بکنگ پر آر ٹی سی کی جانب سے گھر تک سربراہ کیا جارہا ہے۔ر