حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار اور ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے آج ایچ آئی سی سی میں یوم آزادی کے 75 سال کی تقاریب کے افتتاح کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں کی ڈریس ریہرسل اور افتتاحی تقریب انتظامات کا معائنہ کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 8 اگسٹ کو 11:30 بجے دن تقاریب کا افتتاح کریں گے۔ یہ تقاریب ریاست بھر میں 22 اگسٹ تک جاری رہیں گی۔ چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کے علاوہ چیف منسٹر کے او ایس ڈی ڈی سرینواس، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم ونسق اروند کمار، سکریٹری جی اے ڈی سیشادری، کمشنر سائبرآباد اسٹیفن رویندرا، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، ایڈیشنل ڈی جی جتیندر، ایڈیشنل ڈی جی انٹلیجنس انیل کمار، کلکٹر رنگاریڈی اموئے کمار اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ چیف منسٹر مہاتما گاندھی مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد قومی پرچم لہرائیں گے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ عوامی نمائندوں کو خصوصی پاسیس جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر پر ترنگا لہرانے کی مہم کے تحت ایک کروڑ سے زائد قومی پرچم مفت تقسیم کئے جارہے ہیں۔ چیف سکریٹری خیرمقدم کریں گے جبکہ تقاریب کمیٹی کے صدرنشین کیشو راؤ خیرمقدم کریں گے۔ اس موقع پر ساؤنڈ آرٹ اور لیزر شو کا اہتمام ہوگا۔ر