کینبرا : آسٹریلیا نے اپنے کرنسی نوٹوں سے برطانوی بادشاہت کے علامات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو آسٹریلیا کے مرکزی بینک نے کہا کہ پانچ ڈالر کے کرنسی نوٹ پر سابق ملکہ الزبتھ دوم کی جگہ مقامی آسٹریلیائی ثقافت کی تصویر ہوا کرے گی۔پانچ ڈالر کے کرنسی نوٹ پر برطانیہ کے نئے شاہ چارلس سوم کی تصویر نہ چھاپنے کا مطلب یہ ہے کہ اب سے آسٹریلیا کے کرنسی نوٹ پر کسی بادشاہ کی تصویر نہیں ہوا کرے گی۔آسٹریلیا کے ریزرو بینک کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک کے مقامی باشندوں سے نوٹ کے نئے ڈیزائن کے بارے میں مشاورت کرے گا کہ آسٹریلیائی باشندوں کی ثقافت اور تاریخ کو ترجیح دی جائے۔گزشتہ سال 8 ستمبر کو ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کے موقع پر آسٹریلیا میں سرکاری سطح پر سوگ کا اعلان ہوا تھا لیکن بعض آسٹریلیائی مقامی باشندوں کی تنظیموں نے برطانوی نوآبادیاتی دور کے تباہ کن اثرات کے خلاف احتجاج کیا تھا اور بادشاہت کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔آسٹریلیا ایک جمہوری ملک ہے لیکن آئینی بادشاہت ہونے کے ناطے اس کا سربراہ کنگ چارلس دوم ہے۔