آغاز یادگار لمحہ رہا:روٹ

   


چینائی : ہندوستان کے خلاف اپنے کیریئر کا ریکارڈ 100 واں ٹسٹ کھیلنے والے انگلش کپتان جیوروٹ نے آغاز کو اپنے لئے ایک یادگار لمحہ قرار دیا ہے۔ روٹ جنہوں نے 2012ء سیریز کے دوران ہندوستان کے خلاف ناگپور میں چوتھے ٹسٹ میں اپنے ٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد اب وہ کل یہاں شروع ہونے والے چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں ٹیم کی قیادت کرنے کے ساتھ اپنے کیریئر کا 100 واں ٹسٹ کھیل رہے ہیں۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے روٹ نے کہا کہ یقینی طور پر جس وقت میں نے پہلی مرتبہ انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے انگلش ٹیم کا لباس زیب تن کیا تھا ، وہ لمحہ میرے لئے یادگار ہے۔ وہ لمحہ یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے آج بھی یاد ہیکہ جب میں بیٹنگ کیلئے میدان میں پہنچ رہا تھا اس وقت کیون پیٹرسن دوسرے سرے پر موجود تھے اور جنہیں میں کم عمری سے ہی دیکھتے ہوئے اپنی کرکٹ کو فروغ دیا تھا۔ یہ لمحہ میرے لئے بچپن کا خواب مکمل ہونے کے مترادف تھا۔ روٹ نے پہلے ہی ٹسٹ میں 73 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز میں وہ 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔