مرکزی وزارتوں تعلیم اورصحت کی طویل مشاورت کے بعد فیصلہ، این ٹی اے کا اعلان
حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز) نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے NEET UG 2025 کا امتحان آن لائن کے بجائے آف لائن میں پرانے فارمیٹ کے تحت 180 سوالات پر مشتمل پرچہ سوالات کے ساتھ انعقاد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امتحان کا وقت 3 گھنٹوں کا ہوگا۔ مرکزی تعلیم اور صحت کی وزارتوں کے درمیان طویل مشاورت کے بعد مرکزی حکومت نے بالآخر CMR طریقہ کار پر امتحان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل میڈیکل کمیشن کے فیصلے کے مطابق نیٹ یو جی امتحان پین ۔ پیپر طریقہ سے لیا جائے گا۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی ( این ٹی اے ) نے کہاکہ ایک دن میں ایک شفٹ میں امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔ ملک بھر میں سب سے زیادہ امیدوار شرکت کرنے والے امتحانات میں نیٹ یو جی کا شمار ہوتا ہے۔ گذشتہ سال 24 لاکھ طلبہ نے نیٹ یو جی امتحانات میں شرکت کی تھی۔ این ٹی اے کی جانب سے جے ای مین امتحان کی طرح اس مرتبہ 2025 نیٹ یو جی امتحان آن لائن میں انعقاد کرنے کا ابتداء میں غور کیا تھا۔ ’اِسرو‘ کے سابق صدرنشین کستوری رنگن کی صدارت میں تشکیل دی گئی ماہرین کی کمیٹی نے بھی آن لائن نظام ( کمپیوٹر بیسڈ ٹسٹ سی بی ٹی ) میں نیٹ کا انعقاد کرنے کی سفارش کی تھی۔ تاہم تعلیم اور صحت کی مرکزی وزارتوں نے طویل مشاورت کے بعد او ایم آر سسٹم کے حق میں فیصلہ رہا ہے۔ نیٹ یو جی امتحان کیلئے کورونا بحران کی مدت کے دوران متعارف کرائے گئے سوالات کے انتخاب کے نظام کو برخواست کردیا گیا ہے۔ فزکس اور کیمسٹری کے مضامین میں سے دس سوالات، بیالوجی سے 90 سوالات کا تین گھنٹوں پر امتحان مشتمل ہوگا۔ اس کے ساتھ پین ۔ پیپر OMR طریقہ کار سے نیٹ داخلہ امتحان منعقد ہوگا۔ نیٹ نتائج کی بنیاد پر ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے بشمول نیشنل کمیشن فار ہومیو پیتھی کے تحت بی ایچ ایم ایس کورسیس میں داخلے دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ آرمڈ میڈیکل سرویس ہاسپٹلس میں بی ایس سی نرسنگ کورسیس میں داخلوں کیلئے NEET UG میں کوالیفائی کرنا لازمی ہے۔ نیٹ یو جی چار سالہ بی ایس سی کیلئے بھی نیٹ یو جی میں کوالیفائی کرنا ضروری ہے۔2