آن لائن بیٹنگ اور سائبر فراڈ معاملہ

   

ای ڈی کی کارروائی، پانچ شہروں میں 20 مقامات پر چھاپے
ممبئی:17 اکتوبر ( ایجنسیز) آن لائن بیٹنگ، گیمنگ اور سائبر فراڈ سے متعلق مبینہ مالیاتی نیٹ ورک کے خلاف ای ڈی نے کارروائی کرکے ممبئی، پونے ، مہسانہ، سورت اور حیدرآباد میں 20 مقامات پر تلاشی لی۔ ایجنسی کے مطابق، اس کارروائی کے دوران مشتبہ مالی لین دین سے متعلق دستاویزات، ڈیجیٹل آلات اور دیگر اہم شواہد ضبط کیے گئے ہیں۔ای ڈی کے ممبئی زون-2 نے 13 اکتوبر کو یہ تلاشی مہم چلائی تھی۔ ایجنسی کے مطابق، تحقیقات کے دوران جرائم سے محصلہ رقم کو مختلف ذرائع سے منتقل کرنے اور اس کی شناخت چھپانے سے متعلق شواہد جمع کیے گئے ہیں۔ اس معاملے سے وابستہ بعض اداروں اور افراد کے متعدد بینک اکاؤنٹس کو بھی انسدادِ منی لانڈرنگ قانون (PMLA) کے تحت منجمد کرنے احکام جاری کیے گئے ۔اس معاملے میں ای ڈی اس سے قبل پونے ، ممبئی اور بنگلورو کے مختلف مقامات پر بھی تلاشی لے چکی ہے۔ کارروائی کے دوران (Edsom Fintech Private Limited) کے بانی رام یو رامدھانی کو گرفتار کیا گیا تھا، جو ایجنسی کے مطابق فی الحال عدالتی تحویل میں ہیں۔ای ڈی کی تحقیقات دو بنیادی مقدمات سے شروع ہوئیں، جن کا تعلق ’آل پینل ایکسچینج‘ اور ‘MGM91’ نامی آن لائن گیمنگ اور بیٹنگ پلیٹ فارمز سے بتایا گیا ۔ ایجنسی کے مطابق، ان پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام کو رقم جمع کرانے کی ترغیب دی گئی اور بعد میں ان کے ساتھ دھوکہ دہی کی گئی۔تحقیقات میں ای ڈی نے دعویٰ کیا کہ متاثرین سے محصلہ رقم مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل ہوتی ہوئی پونے میں ایک ادارہ کے کھاتوں تک پہنچی، جسے رام یو رامدھانی نے قائم کیا تھا۔ ایجنسی کے مطابق، اس رقم کی منتقلی کیلئے متعدد اداروں اور مالیاتی ذرائع کا استعمال کیا گیا تاکہ اصل لین دین اور رقم کے حقیقی مستفید ہونے والوں کی شناخت چھپائی جا سکے۔کہا گیا کہ ایڈسوم نے ’آئی پیسا‘ (iPaisa) کے نام سے ایک داخلی ادائیگی کا پلیٹ فارم تیار کیا تھا۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے 200 سے زیادہ مبینہ شیل یا فرنٹ کمپنیوں کو شامل کیا گیا تھا، جنہیں اندرونی طور پر ’مرچنٹس‘ کہا جاتا تھا۔