آندھرا پردیش میں اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان

   

ایس ایس سی اور انٹر امتحانات مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے
حیدرآباد۔ آندھرا پردیش حکومت نے کورونا کیسس میں اضافہ کے پیش نظر اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پہلی تا نویں جماعت تمام کلاسیس کو چھٹی دے دی گئی ہے تاہم ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے وزیر صحت ، وزیر تعلیم اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ریاست میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ حکومت نے ایس ایس سی اور انٹر امتحانات کو مقررہ تواریخ پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے کورونا کیسس پر قابو پانے کیلئے ریاست میں بعض دیگر تحدیدات کا فیصلہ کیا۔ تمام سنیما تھیٹرس، فنکشن ہالس اور عوامی مقامات پر سماجی فاصلہ کی برقراری کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تھیٹرس میں ہر دو نشست کے درمیان ایک نشست کو خالی رکھا جائے گا۔ ماسک اور سنیٹائزر کے استعمال کو لازمی کیا گیا ہے۔ ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر اداروں کو سماجی فاصلہ کی برقراری کی ہدایت دی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے دواخانوں میں آکسیجن اور بستروں کی دستیابی کا جائزہ لیا ہے۔