حیدرآباد۔2۔جنوری(سیاست نیوز) بینک سے نکالے گئے جعلی نوٹ ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی وظائف کی اسکیم کے استفادہ کنندگان میں تقسیم کئے گئے ! پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے ضلع پرکاشم کے موضع نرسیا پالم میں سرکاری وظائف کی اسکیم کے استفادہ کنندگان نے 500 روپئے کے جعلی کرنسی نوٹ تقسیم کئے جانے کا انکشاف کیا جس کی تحقیق پر یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ حکومت کی جانب سے تقسیم کئے گئے وظائف میں زائد از 38 جعلی کرنسی نوٹ موجود ہیں جنہیں اکٹھا کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔دیہی عوام میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس اسکیم کی رقومات کو موضع کے رضاکار کی جانب سے تقسیم کیا گیا تھا اور جب استفادہ کنندگان نے 500 کی کرنسی نوٹ کے متعلق شبہات ظاہر کئے تو اس کے بعد تمام استفادہ کنندگان میں تقسیم کی گئی کرنسی نوٹوں کا جائزہ لیا گیا جس پر 38 کرنسی نوٹوں کے جعلی نکلنے کی توثیق ہوئی ہے۔دیہی رضاکار جو اس تقسیم کا ذمہ دار ہے نے بتایا کہ اس نے یہ نوٹ یرراگونڈا پالم میں موجود بینک سے حاصل کی ہے اور محکمہ مال و پنچایت کے عہدیداروں کی موجودگی میں یہ رقم نکالی گئی ہے۔عہدیدارو ںنے بتایا کہ استفادہ کنندگان میں جعلی کرنسی کی تقسیم کا معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ جاتی تحقیقات کے ساتھ ساتھ پولیس میں بھی شکایت دج کروائی جاچکی ہے اور محکمہ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ مال اور محکمہ پنچایت کے عہدیداروں نے بینک عہدیداروں سے بینک میں موجود نقد رقومات جاری نہ کرنے اور ان کا جائزہ لینے کے اقدامات کو یقینی بنانے کی تاکید کی ہے اور کہا جار ہاہے کہ اندرون دو یوم معاملہ کی تحقیقات کو مکمل کرلیا جائے گا۔ م