نئی دہلی، 31مئی (یو این آئی) ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور لوک سبھا رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ جمہوریت اور آئینی اقدار کے دفاع کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ ان کا یہ بیان مغربی بنگال میں ان پر ہوئے مبینہ حملے کے بعد کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی طرف سے ملنے والی حمایت کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے ۔اپنے واٹس ایپ چینل پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں، بنرجی نے یکجہتی کا اظہار کرنے پر گاندھی کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اپوزیشن جماعتیں جمہوری اداروں کے تحفظ اور آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنے کی کوششوں میں متحد ہیں۔ ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ “راہول جی، آپ کی تشویش اور مسلسل حمایت کا شکریہ۔ ہم ہندوستان کی روح کی حفاظت کرنے ، اس کے جمہوری اداروں کا دفاع کرنے اور ہمارے آئین میں درج اقدار کو برقرار رکھنے کی اپنی لڑائی میں متحد اور پرعزم ہیں۔” ان کے یہ ریمارکس اس واقعے کے ایک دن بعد سامنے آئے ہیں جب راہول گاندھی نے سونار پور میں ترنمول کانگریس کے لیڈر پر ہونے والے مبینہ حملے کی سخت مذمت کی تھی، اسے جمہوری اقدار پر حملہ قرار دیا تھا ۔