لکھنؤ۔ مرکزی وزیر و اپنا دل(ایس)سربراہ انوپریا پٹیل نے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے ساتھ انتخابی اتحاد میں دراڑ کی شبہات کو سرے سے خارج کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں یہ پہلا اتحاد ہے جس کے تحت لگاتار چوتھا الیکشن لڑرہا ہے اور ہر الیکشن میں عوام نے اس اتحاد کو کامیاب بنا کر اسے قبول کیا ہے ۔ انوپریا پٹیل نے یواین آئی سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ جن پارٹیوں کے لیڈر اپنادل (ایس) اور بی جے پی اتحاد میں دراڑ پیدا ہونے کی باتیں کررہے ہیں وہ خود ہر الیکشن میں جس کے ساتھ اتحاد کرتے ہیں الیکشن کے بعد اسے ہار کا خاطی قرار دیتے ہوئے الگ ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے سابقہ2 انتخابات میں کانگریس اور بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کے ساتھ ہوئے ناکام اتحاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اتحاد موقع پرست نہیں ہے اور اس کا ثبوت اتحاد کو لگاتار تین انتخابات میں ملی کامیابی ہے ۔ الیکشن کے ابتدائی مرحلے میں حکمراں اتحاد کو ہورہے نقصان کے شبہات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس الیکشن کا موازنہ سابقہ الیکشن سے نہیں کیا جانا چاہئے ۔ سابقہ الیکشن میں ایک واضح لہر تھی جس کی وجہ سے 58میں سے 53سیٹیں ملی تھیں میراا پنا قیاس ہے کہ ہمارے اتحادی پارٹی بی جے پی کو پہلے مرحلے کی ووٹنگ والی 58سیٹوں میں سے کم سے کم 40سیٹوں پر جیت ملنی یقینی ہے ۔ اس طرح عام ووٹنگ کے حالات کے لہذا سے اگر دیکھیں تو نقصان نہیں بلکہ سبقت مانی جارہی ہے ۔