جے پور: جے پور آئی ایم ڈی کے ڈائریکٹر رادھے شیام شرما کے مطابق سمندری طوفان بپرجوئے نے جون کے مہینے میں اجمیر میں بارش کا 105 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ 17 جون1917 کو اجمیر میں ایک ہی دن میں جملہ 119.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جو کہ جون کے مہینے کی سب سے زیادہ بارش ہے۔ شرما نے کہا ہے کہ اجمیر میں اتوارکی صبح 8.30 بجے سے پیرکی صبح 8.30 بجے تک 24 گھنٹوں کے دوران 131.8 ملی میٹر بارش کے بعد یہ قدیم ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ راجستھان میں پہلی بار مانسون سے پہلے سیلاب جیسی صورتحال ہے۔ چار دنوں میں سمندری طوفان بپرجوئے نے کئی علاقوں میں بارش شروع کردی ہے جس کی وجہ سے بارمیر، پالی، راجسمند، بھیلواڑہ اور اجمیر میں پانی بھرگیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پالی کے متھانہ میں 530 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔