اجین: مدھیہ پردیش کے اجین میں ہوئے عصمت دری معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے پولس نے تین ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک 38 سالہ آٹو ڈرائیور بھی شامل ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ اس شخص کے آٹو میں لڑکی کے خون کے نشانات ملے ہیں۔ اس کے علاوہ تحقیقاتی ٹیم آٹو کی فرانزک جانچ کر رہی ہے۔واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں گزشتہ پیر کو ایک 12 سالہ لڑکی سڑک پر خون میں لت پت حالت میں ملی تھی اور طبی معائنے میں اس کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیس نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔پولیس افسر نے بدھ کے روز بتایا کہ 25 ستمبر کو یہاں سے ملنے والی لڑکی کا تعلق ممکنہ طور پر پڑوسی ریاست اتر پردیش سے ہے، لیکن ابھی تک اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے کیونکہ وہ پولیس کو اپنا نام اور پتہ ٹھیک سے نہیں بتا سکی ہے۔