گرفتاریوں سے گریز کی ہدایت دینے حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد ۔25۔اگست (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ملعون راجہ سنگھ کے خلاف احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر پولیس کی بے رحمانہ کارروائی اور ظلم کی مذمت کی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق صدرنشین مینارٹیز ڈپارٹمنٹ حیدراباد سمیر ولی اللہ نے پرانے شہر کے شال علی بنڈہ اور دیگر علاقوں میں پولیس کی جانب سے نوجوانوں کو بری طرح مار پیٹ کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا میں ویڈیوز وائرل ہوئے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے مکانات کے دروازے توڑ کر نوجوانوں کو حراست میں لیا ۔ انہیں سڑک پر بری طرح مار پیٹ کی گئی اور تھرڈ ڈگری ٹارچر کیا گیا ۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ رات دیر گئے بڑے پیمانہ پر گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ پولیس کی جانب سے مسلمانوں کو برا بھلا کہتے ہوئے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی بے رحمی نے اب تک کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ ہزاروں نوجوان ملعون راجہ سنگھ کے خلاف پرامن احتجاج کر رہے تھے اور پولیس نے راجہ سنگھ کے خلاف کارروائی کے بجائے احتجاجی نوجوانوں کو نشانہ بنایا ۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ سابق وزیر محمد علی شبیر کے مطالبہ کو تسلیم کرتے ہوئے اگر پہلے دن راجہ سنگھ کے خلاف پی ڈی ایکٹ لگایا جاتا تو صورتحال خراب نہ ہوتی۔ محمد علی شبیر نے سب سے پہلے راجہ سنگھ کے خلاف پی ڈی ایکٹ کا مطالبہ کیا تھا اور آخرکار حکومت کو پی ڈی ایکٹ لگانے پر مجبور ہونا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پولیس احتجاج میں حصہ لینے والے نوجوانوں کی فہرست تیار کر رہی ہے اور انہیں آنے والے دنوں میں مقدمات کے تحت گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ سمیر ولی اللہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مقدمات سے گریز کریں اور مار پیٹ کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ ر