ارجنٹینا اور چلی کا مقابلہ 1-1 سے ڈرا

   

بیونس آئرس : نومبر کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ مقابلہ میں آمنے سامنے ہونے والی دنیا کی دو اہم ٹیمیں ارجنٹینا اور چلی کا مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔ علاقہ میں کورونا کے بڑھتے معاملات کی وجہ سے یہ مقابلہ میدانوں میں شائقین کی موجودگی کے بغیر کھیلا گیا۔ مقابلہ کے نتیجہ کی وجہ سے لیونل میسی کی زیرقیادت ارجنٹینا کی ٹیم کو جنوبی امریکہ کی کوالیفائنگ ٹیموں کی فہرست میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے اور اگر برازیل اپنا ایکوڈور کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں شکست نہیں کھاتی ہے تو ارجنٹینا کا یہ مقام برقرار رہے گا۔ دیگر مقابلوں میں یوروگووے اور پارا گووے کا مقابلہ 0-0 سے مساوی رہا۔ علاوہ ازیں بولیویانے آخری مقام سے ترقی کرتے ہوئے ساتواں مقام حاصل کیا ہے جیسا کہ اس نے ونیزویلا کے خلاف 3-1 کی کامیابی حاصل کی ہے۔ 10 ٹیموں کے اس گروپ میں بولیویا کا اب ساتواں مقام ہے۔ 10 ٹیموں کے گروپ میں ابتدائی چار مقامات پر پہنچنے والی ٹیمیں خود بخود قطر 2022ء میں رسائی حاصل کرلیں گی جبکہ پانچویں ٹیم کو علاقائی مقابلوں کے پلے آف میں کامیابی حاصل کرنی ہوں گی۔ ارجنٹینا کا منگل کو کولمبیا سے مقابلہ ہے اور امید کی جارہی ہیکہ اس مقابلہ میں شائقین کو میدان میں آنے کی اجازت ہونے کے بعد ماحول مختلف ہوگا۔