اردغان کی تیسری صدارتی میعاد کیلئے حلف برداری

,

   

انقرہ : ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے رجب طیب اردغان کی حلف برداری کی تقریب ہفتہ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے دارالحکومت انقرہ میں انجام پائی۔ ترکیہ کی سرکاری نیوزی ایجنسی انادولو کے مطابق اردغان کی تقریبِ حلف برداری میں ناٹو کے سربراہ ینز اسٹولٹنبرگ، وینزویلا کے صدر نکولس مدورو، ہنگری کے وزیرِ اعظم وکٹر اوربن سمیت 78 ملکوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ پاکستان کی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف بھی صدر رجب طیب اردغان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچے۔ رجب طیب اردغان نے مسلسل تیسری میعاد کے لیے صدارت کے عہدہ کا حلف لیا۔ اس سے قبل وہ 2014 اور پھر 2018 کے صدارتی الیکشن میں کامیاب ہوئے تھے۔ اردغان کی جماعت اے کے پارٹی نے 2002 کے اواخر میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی اور اردغان نے پہلی مرتبہ 2003 میں وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ ترکیہ کے حالیہ صدارتی انتخابات سے قبل پیش قیاسی کی گئی تھی کہ ملک میں جاری مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں گراوٹ نے اردغان کی مقبولیت کو متاثر کیا ہے۔ تاہم 14 مئی کو ہوئے انتخابات اور پھر 28 مئی کو رن آف مرحلہ میں اردغان کی کامیابی نے انتخابات سے قبل سامنے آنے والے رائے عامہ کے جائزوں کو غلط ثابت کر دکھایا تھا۔