حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : ریاستی اردو ٹیچرس اسوسی ایشن ، ریاست تلنگانہ کے سلسلے میں ایک آن لائن میٹنگ جیومیٹ پر منعقد ہوئی جس میں تلنگانہ اسٹیٹ روٹا کے مشیر اعلیٰ جناب محمد مسعود الدین احمد اور تلنگانہ روٹا کے کنوینر جناب غازی الدین کے علاوہ دیگر اساتذہ نے شرکت کی ۔ پروگرام کا آغاز روٹا کے رابطہ کار الحاج محمد ایوب کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ بعد ازاں ڈاکٹر وصی اللہ بختیاری نے نعتیہ اشعار پیش کئے ۔ تمہیدی خطاب کرتے ہوئے جناب محمد ایوب نے اغراض و مقاصد کا تعارف کروایا ۔ ریاست تلنگانہ کے کنوینر جناب غازی الدین نے تلنگانہ میں اردو میڈیم اسکولوں اور کالجوں میں تعلیمی صورت حال پر روشنی ڈالی ۔ اردو میڈیم اسکولوں کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا ۔ ڈاکٹر سید وصی اللہ بختیاری نے کہا کہ اردو میڈیم ہائی اسکولوں ، جونیر اور ڈگری کالجوں میں بھی اردو میڈیم تعلیمی صورت حال اصلاح طلب ہے ۔ اردو کے لیے ایک اسپیشل ڈی ایس سی اور تمام اردو میڈیم جائیدادوں پر تقررات کے لیے سرویس کمیشن کی جانب سے اسپیشل ریکروٹمنٹ کے مطالبے کو ایک منظم تحریک کے طور پر حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ جامعہ عثمانیہ اور دیگر جامعات میں اردو اساتذہ کے تقررات کے لیے کوشش کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا ۔ جناب غازی الدین نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اردو میڈیم اسکولوں میں درسی کتابوں کا فقدان ہے ۔ نصابی کتابوں کی عدم فراہمی ایک مسئلہ بنا ہوا ہے ۔ جناب محمد مسعود الدین احمد نے اردو میڈیم اسکولوں کی حالت زار پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ کی ترقی اور پرموشن کے سلسلے کو گویا مسدود ہی کردیا گیا ہے ۔ صرف ہیڈ ماسٹر کے پوسٹ پر ترقی ملتی ہے لیکن جونیر لکچرار اور پھر ڈگری لکچرار کے عہدے پر ترقی کا سلسلہ بند کردیا گیا ہے ۔ جناب محمد ثبات الرحمن ، جناب اسد اللہ شاہ ، جناب محمد ایوب ، جناب فیروز و دیگر نے اظہار خیال کیا ۔۔