اردو میڈیم طلبہ کیلئے جلد ہی آن لائن تعلیم کا انتظام

   

ڈی ای او مسز بی وینکنا نرسمہا کا تیقن ، نمائندہ سیاست سے بات چیت

حیدرآباد۔یکم۔ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں موجود اردو میڈیم سرکاری اسکولوں میں آئندہ چند یوم کے دوران اردو میں آن لائن تعلیم کا انتظام کیا جائے گا اور تمام مضامین کے اردو میں تیار کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جا رہاہے۔ ضلع ایجوکیشنل آفیسر مسز بی وینکٹا نرسمہا نے نمائندہ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے سرکاری اسکولوں میں تلگومیڈیم اسکولوں کی تعداد زیادہ ہونے کے علاوہ تلگو میڈیم طلبہ کی تعداداور تلگو زبان ریاست کی سرکاری زبان ہونے کے سبب آج تلگو زبان میں موجود مضامین کا نشاب نشر کیا گیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ اطراف کے علاقوں سے جو اطلاعات موصول ہورہی ہیں ان کے مطابق تلگو میڈیم طلبہ آن طرز تعلیم سے مطمئن ہیں اور آج تعلیمی سال کے آغاز کے پہلے دن شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں آن لائن تعلیمی نظام کو پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ آج پہلے دن میں کسی بھی اسکول یا طالب علم سے کوئی تکنیکی خرابی کی شکایات موصول نہیں ہوئی ہے ۔ مسز بی وینکٹا نرسمہا نے بتایا کہ اردو زبان کے نصاب کا کافی حصہ ڈیجیٹل کرلیا گیا ہے اور جلد ہی اس کی نشریات کے سلسلہ میں بھی منصوبہ تیار کرتے ہوئے اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں موجود سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو دی گئی ہدایات کے مطابق 90 فیصد سے زائد اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے عملہ نے آج تعلیمی سال کے پہلے دن اپنی خدمات سے رجوع کرلیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران مابقی تمام اساتذہ اور عملہ خدمات سے رجوع ہوجائیں گے ۔ ضلع ایجوکیشنل آفیسر حیدرآباد نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے طلبہ سے بھی آن لائن تعلیم پر ردعمل حاصل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ طلبہ کو ڈیجیٹل اور عصری تعلیمات کی فراہمی کے لئے ممکنہ سہولتوں اور مدد کے ساتھ ان کی رہنمائی کی جائے۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے اردو میڈیم اسکولوں کے طلبہ کی سہولت کیلئے جلد ہی اردو زبان میں نشریات اور تعلیمی نصاب کو آن لائن پیش کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ اردو میڈیم اور انگریزی میڈیم کے طلبہ کو سہولت حاصل ہو۔