حیدرآباد۔ 10 نومبر (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں اس سال گورنر بہار لیفٹیننٹ جنرل سید عطاء حسنین (ریٹائرڈ) یومِ آزاد تقاریب کے ضمن میں منعقد ہونے والے مرکزی پروگرام میں یادگاری لیکچر دیں گے۔ پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی، کنوینر یومِ آزاد تقاریب کے بموجب گورنر ریاست بہار نے اس سال یومِ آزاد تقاریب میں شرکت کرنے اور یومِ آزاد لیکچر دینے کا دعوت نامہ قبول کیا ہے۔ یہ یادگاری خطبہ 11 نومبر کو صبح 10:30 بجے آغا حشر کاشمیری آڈیٹوریم، مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم میں مقرر ہے۔ اس لیکچر کے ساتھ ہی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں منائی جانے والی 6 روزہ یومِ آزاد تقاریب کا اختتام بھی عمل میں آئے گا۔ یومِ آزاد کے موقع پر منعقد ہونے والے اس لیکچر کو یونیورسٹی کے یوٹیوب چینل www.imcmanuu.youtube.com پر براہِ راست ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔1