اردو یونیورسٹی میں نہج البلاغہ پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

   

ایران کے آیت اللہ مہدی مہدوی پور کا کلیدی خطبہ، مختلف ممالک کے مندوبین کی شرکت
حیدرآباد ۔28۔نومبر (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں آج سے نہج البلاغہ پر بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہوا۔ شعبہ عربی نے نہج البلاغہ سوسائٹی حیدرآباد کے اشتراک سے کانفرنس کا اہتمام کیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ دور حاضر میں نہج البلاغہ کی روحانی اور دانشورانہ اہمیت سارے عالم پر عیاں ہیں۔ ایران سے آئے ہوئے مہمان مقرر مہدی مہدوی پور نے کلیدی خطبہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر کے مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے نہج البلاغہ سے مدد لی جاسکتی ہے ۔ وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن نے افتتاحی اجلاس سے صدارتی خطاب میں بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو عالمی سطح کے اسکالرس کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا ہے ۔ افتتاحی اجلاس میں نہج البلاغہ کے اردو اور انگریزی تراجم کے علاوہ نہج البلاغہ کی تعلیمات پر مبنی دو کتابوں کی رسم اجراء انجام دی گئی۔ صدر شعبہ عربی پروفیسر علیم اشرف جائسی نے خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد نہج البلاغہ کی تعلیمات سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے ۔ ڈاکٹر حیدر رضا ضابط نے شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر عبدالسمیع صدیقی نے کارروائی چلائی ۔ کانفرنس کے دیگر اجلاسوں میں جن شخصیتوں نے مقالے پیش کئے، ان میں مولانا مجاہد حسین ، پروفیسر حسن کمان (کویت) ، مصطفی جی عباس ، ڈاکٹر علی ضیائی اور دوسری شامل ہیں۔ 1