نئی دہلی، 5 جون (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ سرحدوں کی نگرانی کے لیے حکومت کے ‘اسمارٹ بارڈر’ کا کام آخری مرحلے میں ہے اور اس کا پائلٹ پروجیکٹ جلد ہی شروع کیا جائے گا۔امیت شاہ نے جمعہ کو تریپورہ میں بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی لنکامورا سرحدی چوکی کا معائنہ کرنے کے بعد جوانوں کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر اگرتلا میں شجرکاری مہم کے تحت ‘اگر’ کا پودا لگایا۔ سرحدوں پر کئی طرح کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جہاں جہاں سرحد پر بی ایس ایف اور سشستر سیما بل تعینات ہیں، وہاں ‘اسمارٹ بارڈر’ تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چار نکاتی حفاظتی حکمتِ عملی کے تحت، مقامی انتظامیہ، ٹیکنالوجی اور جوانوں کی محنت کو ساتھ لیتے ہوئے سرحدوں کو ناقابلِ تسخیر بنانے کا ہدف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ بارڈر کے تصور پر بحث آخری مرحلے میں ہے۔