آدتیہ ناتھ حکومت میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال ابتر ۔ بلڈوزر سے انصاف ممکن نہیں۔ اکھیلیش یادو کا اظہار خیال
نئی دہلی 14 نومبر ( ایجنسیز ) سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھیلیش یادو نے کہا کہ اترپردیش میں رائے دہندوں نے بی جے پی حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا ذہن بنالیا ہے اور مجوزہ اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست میں ایک نئی سیاسی حقیقت ابھرے گی ۔ ہندوستان ٹائمز لیڈر شپ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر نے موجودہ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے یہ واضح کردیا کہ ان کی پارٹی کیلئے ریاست کی ترقی ہی انتخابی مسئلہ ہوگی ۔ انہوں نے اتحادی جماعت کانگریس کی جانب سے طلب کردہ نشستوں کے تعلق سے بھی اشارہ دیا ۔ اس چوٹی کانفرنس کے تھیم نئے قوانین ۔ نئی حقیقتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اکھیلیش یادو نے کہا کہ اترپردیش میں حکومت اور حقیقت دونوں بدل جائیں گے ۔ اترپردیش میں آئندہ سال پنجاب ‘ منی پور ‘ گوا اور اترکھنڈ کے ساتھ اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال ابتر ہوگئی ہے ۔ انہوں نے اس خیال سے اتفاق نہیں کیا کہ لگاتار ہونے والے پولیس انکاؤنٹرس در اصل جلد انصاف رسانی کی علامت ہیں۔ اکھیلیش نے کہا کہ اگر لا اینڈ آرڈر بہتر ہوا ہے تو اس کا ثبوت کیا ہے ۔ حکومت کہتی ہے کہ وہ جرائم سے سختی سے نمٹ رہی ہے تاہم ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ دلتوں ‘ خواتین اور اقلیتوں کے خلاف جرائم میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں ریاست کی ترقی سست رفتار ہوگئی ہے اور کئی پراجیکٹس جو ریاستی انتظامیہ نے شروع کئے تھے وہ ٹھپ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور اقتدار میں ریاست میں جو پراجیکٹس شروع کئے گئے تھے وہ سارے ملک کیلئے مثال بن گئے ہیں۔ اکھیلیش یادو نے اترپردیش حکومت کی بلڈوزر پالیسی پر بھی تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ سماج کے پچھڑے ہوئے طبقات کے مکانات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ حکومت بلڈوزر کو لا اینڈ آرڈر کی علامت قرار دے رہی ہے لیکن لا اینڈ آرڈر کو بلڈوزر کے ذریعہ برقرار نہیں رکھا جاسکتا ۔ حکومت نے کس کے مکانات کو تباہ کیا ہے اور منہدم کیا ہے ۔ وہ لوگ در اصل غریب اور پچھڑے ہوئے لوگ تھے ۔ اب ان کے پاس جانے کیلئے کوئی جگہ نہیں بچی ہے ۔ ایسی کارروائیوں کے کئی ریکارڈز موجود ہیں۔